کاروبار
12 مارچ ، 2012

تیل و گیس سے متعلق وزارت پیٹرولیم کی 4 سالہ کار کردگی رپورٹ جاری

تیل و گیس سے متعلق وزارت پیٹرولیم کی 4 سالہ کار کردگی رپورٹ جاری

اسلام آباد … موجودہ حکومت نے گزشتہ 4 سالوں میں گیس کی یومیہ پیداوار میں صرف 192ملین مکعب فٹ کا اضافہ کیا جبکہ تیل و گیس کی پیداواری کمپنیوں سے رائلٹی اور کرایوں کی مد میں 4 سالوں میں 172 ارب 83 کروڑ روپے وصول کئے۔ وزارت پیٹرولیم کی طرف سے تیار کی گئی 4 سالہ کار کردگی کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 4 سال میں تیل و گیس کی تلاش اور پیداواری کمپنیوں سے 172.83 ارب روپے رائلٹی کی مد میں وصول کئے گئے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 4 سالوں میں تیل و گیس کی تلاش کیلئے 47 لائسنس جاری کئے ، 102 کنویں کھودے گئے جن میں 38 میں کامیابی حاصل ہوئی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 4 سالوں میں گیس کی پیداوار کو یومیہ 3.973 ارب مکعب فٹ سے 4.165 ارب مکعب فٹ تک بڑھایا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم پالیسی 2009ء کے تحت تیل و گیس کی تلاش کیلئے 27 لائسنس جاری کئے گئے ، جن سے ابتدائی طور پر 14.79 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق اگلے تین مہینوں میں تیل و گیس کی تلاش کیلئے 20 مزید لائسنس جاری کئے جائیں گے۔ رپورٹ کے مطابق 4 سال میں گھریلو صارفین کو مجموعی طور پر گیس کے 13 لاکھ 68 ہزار سے زیادہ کنکشن دیئے گئے کمرشل صارفین کو 19 ہزار 323 کنکشن اور صنعتی صارفین کو 2 ہزار 558 گیس کنکشن دیئے گئے ۔

مزید خبریں :