14 مارچ ، 2012
اسلام آباد … وفاقی وزیر پانی و بجلی سید نوید قمر کا کہنا ہے کہ بھارت کے آبی منصوبوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے کہ کہیں وہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی تو نہیں کررہا۔ ان کا کہنا ہے کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ موسم گرما میں بھی جاری رہے گی جس کے اوقات کار کا تعین طلب اور رسد سے ہوگا۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وفاقی وزیر پانی و بجلی نے تحریری جواب میں بتایا کہ پاکستان نے دریائے سندھ پر بھارت کے زیر تعمیر نیمو بازگو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے ڈیزائن پر اعتراضات اٹھائے ہیں اور یہ معاملہ ثالثی عدالت کی سطح پر بھی اٹھایا جا سکتا ہے۔ سید نوید قمر نے ایک سوال پر بتایا کہ تھر کول منصوبے کو نہ تو روکا گیا اور نہ ہی یہ التواء کا شکار ہوا بلکہ 150 میگاواٹ بجلی کی پیداوار کے پہلے یونٹ کی تیاری کا کام جاری ہے۔