پاکستان
15 مارچ ، 2012

بلوچستان سے اغواء کیا گیا سوئس جوڑا میران شاہ سے بازیاب

بلوچستان سے اغواء کیا گیا سوئس جوڑا میران شاہ سے بازیاب

اسلام آباد … بلوچستان کے علاقے لورالائی سے اغواء کئے جانے والے سوئٹزر لینڈ کے جوڑے کو میران شاہ کے علاقے سے بازیاب کرانے کے بعد پشاور منتقل اور بعد میں راولپنڈی میں ایمبیسی حکام کے حوالے کردیا گیا۔ سوئٹزر لینڈ کا جوڑا مسٹر اولیور ڈیوڈ اور مسزٹنیلیا کو سیکیورٹی فورسز نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے راولپنڈی پہنچایا۔ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل اطہرعباس نے سوئس جوڑے کی بازیابی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اسے میران شاہ سے بازیاب کرانے کے بعد پشاور منتقل کردیا گیا ہے اور اب دونوں کی صحت تسلی بخش ہے۔ سوئٹزر لینڈ کے 31 سالہ اولیور ڈیوڈ اور 29 سالہ مسز ٹنیلیا کو یکم جولائی 2011ء کو بلوچستان میں لورالائی کے علاقے سے اغواء کرلیا گیا تھا۔ کالعدم تحریک طالبان نے ان کے اغواء کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ گزشتہ سال اکتوبر میں ہی 2 ویڈیوز منظرعام پر آئیں جن میں انہیں طالبان کی حراست میں دکھایا گیا اور سوئس جوڑے نے عافیہ صدیقی کی رہائی کی درخواست کی۔ ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا ہے کہ سوئس جوڑا گزشتہ شب ساڑھے تین بجے اغواء کاروں کے چنگل سے بھاگ کر ٹھل میں چیک پوسٹ تک پہنچا۔ سیکیورٹی اہل کاروں نے آج ( جمعرات ) کی صبح سوئس جوڑے کو پشاور بھیجااور بعد میں راولپنڈی منتقل کر دیا گیا۔

مزید خبریں :