15 مارچ ، 2012
لاہور … دفاع پاکستان کونسل کا ہنگامی اجلاس 18 مارچ کو پشاور میں طلب کرلیا گیاہے، مولانا سمیع الحق کا کہنا ہے کہ نیٹو افواج کو رسد کی سپلائی کے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ لاہور سے جاری بیان میں مولانا سمیع الحق نے کہا کہ حکومت نے قومی مفاد سے غداری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے شدومد سے جاری ہیں، افغانستان میں نہتے شہریوں کا حال ہی میں امریکیوں کے ہاتھوں قتل عام ، قرآن کریم جلانے کے اقدامات اور بلوچستان کے حالات میں شرمناک مداخلت کے ہوتے ہوئے نیٹو افواج کو رسد کی سپلائی کے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ نیٹو کی رسد بحالی کے فیصلے سے قبل پارلیمنٹ، حکمرانوں اور افواج کو ہزار بار سوچنا چاہئے۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ ڈرون حملے مسلسل کئے جارہے ہیں اور قوم پارلیمنٹ سے مایوس ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا اگر پارلیمنٹ نے نیٹو کی رسد کی بحالی کا فیصلہ دیا تو دفاع پاکستان کونسل عوام کے ساتھ مل کر پرامن طریقے سے سپلائی لائن کو روکے گی۔