15 مارچ ، 2012
اسلام آباد … سپریم کورٹ بار کی سابق صدر عاصمہ جہانگیر کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے لوگوں سے کئے گئے وعدے توڑنا اوربندوق کی سیاست گھمبیر صورتحال کا باعث ہے، اکبر بگٹی کے قاتل پکڑلیے جائیں تو بلوچستان کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔ لاہور میں ساوٴتھ ایشیا پارٹنر شپ کے زیر اہتمام سیمینار کے موقع پر جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی صورتحال کو جس طر ح لیا جارہا ہے وہ بلوچوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے، معاملہ ایئرپورٹ پر براہمداغ کو ریسیو کرنے اوراے پی سی بلانے سے آگے نکل چکا ہے۔ عاصمہ جہانگیر کا کہناتھاکہ لوگوں کو زبردستی ساتھ رکھا جاسکتا ہے نہ کسی جگہ کو کالونی سمجھا جاسکتا ہے، لیکن پنجابیوں کا رویہ اورسوچ یہی رہی ہے،جہاں زبردستی ہوگی وہاں علیحدگی پسند تحریک بھی اٹھے گی۔