15 مارچ ، 2012
پشاور … پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس دوست محمد خان نے لاپتہ افراد سے متعلق مقدمات کی سماعت کے د وران ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جن اداروں کو قانون اور آئین کی سمجھ نہیں ان کو بتادیں گے کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں۔ لاپتہ افراد کے مقدمات کی سماعت پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس دوست محمد خان اور جسٹس وقار احمد سیٹھ نے کی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس دوست محمد خان نے کہا کہ بعض اداروں کو ابھی تک قانون اور آئین کی سمجھ نہیں، انہیں بتادیں گے کہ قانون سے کوئی بالاتر نہیں۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ خیبر اور مہمند ایجنسی کی پولیٹکل انتظامیہ کے بارے میں لاپتہ افراد سے متعلق منفی رپورٹس ملی ہیں، جن کو اس موقع پر ظاہر نہیں کیا جاسکتا۔ چیف جسٹس نے مزید ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ کو پولیس اور کچھ لوگوں کے بارے میں حراستی مراکز چلانے کے بارے میں بھی رپورٹس ملی ہیں، جن کے خلاف وقت آنے پر کارروائی کی جائے گی۔