پاکستان
16 مارچ ، 2012

ہم چاہتے ہیں پارلیمنٹ کی بالا دستی ہو، اداروں کو تحفظ ملے ، وزیراعظم

 ہم چاہتے ہیں پارلیمنٹ کی بالا دستی ہو، اداروں کو تحفظ ملے ، وزیراعظم

خانیوال … وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں پارلیمنٹ کی بالا دستی ہو، اداروں کو تحفظ ملے، عدلیہ اور میڈیا آزاد ہو۔ یہ بات انہوں نے خانیوال میں سابق ایم این اے آفتاب احمد خان ڈاہا کی وفات پر ان کی رہائشگاہ پر تعزیت کے بعد کارکنوں سے خطاب میں کہی۔ ان کا کہنا تھا تمام ادارے آئینی طریقہ کار کے مطابق اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کریں تو تصادم کا خطرہ نہیں ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم اس ملک میں سسٹم، جمہوریت اور پارلیمنٹ کو مضبوط بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم نے 18 ویں، 19ویں اور 20ویں ترمیم کے ذریعے آئین کی اصل شکل بحال کی۔ اس موقع پر انہوں نے خانیوال میں بے نظیر بھٹو شہید پارک، مسیحی برادری کے گاوٴں شانتی نگر میں سوئی گیس کی فراہمی اور خانیوال کی مرکزی شاہراہ کو مرحوم میجر آفتاب احمد خان ڈاہا کے نام سے منسوب کرنے کا بھی اعلان کیا۔ کارکنوں سے خطاب کے بعد وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی چیئرمین ایرا سردار حامد یار ہراج کی رہائش گاہ پر گئے جہاں ان سے ملاقات کے بعد وہ ملتان روانہ ہو گئے۔

مزید خبریں :