16 مارچ ، 2012
اسلام آباد … قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ صدر زرداری صاحب کا پارلیمنٹ کے مشترکا اجلاس سے خطاب ایک ہارے ہوئے کھلاڑی کا ہو گا جس میں بہانہ بازی اور چیخ و پکار سے زیادہ کچھ نہیں ہوگا۔ قائد حزب اختلاف کے آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چار سال عوامی مسائل سے پہلو تہی کرنے والے اب سیاسی شعبدہ بازی کریں گے، تخت حکمرانی پر بیٹھے نادان اور نا سمجھ لوگ ایک اضافی سال کا خواب دیکھنا چھوڑ دیں، حکمرانوں کا ایک ایک منٹ اقتدار میں رہنا قوم پر بھاری ہے۔ چوہدری نثار نے کہا کہ حکمرانوں کے ہر عمل سے غیر سنجیدگی اور نا اہلی نمایاں ہے، پارلیمنٹ کے مشترکا اجلاس کا وقت بھی ایسے تبدیل کیا گیا جیسے یہ پیپلز پارٹی کی کور کمیٹی یا اتحادیوں کا اجلاس ہو۔