پاکستان
16 مارچ ، 2012

بلوچ رہنماوٴں کیخلاف مقدمات کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی قائم

بلوچ رہنماوٴں کیخلاف مقدمات کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی قائم

کوئٹہ … وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے براہمداغ بگٹی سمیت بلوچ رہنماوٴں کیخلاف قائم مقدمات کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دیدی، جسکے بعد مقدمات ختم کرنے کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔ صوبائی سیکریٹری داخلہ بلوچستان نصیب اللہ بازئی نے جیو نیوز کوبتایا کہ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کی جانب سے بلوچ رہنماوٴں نوابزادہ براہمداغ بگٹی، سردار اختر مینگل اور نوابزادہ حیر بیار مری کیخلاف مقدمات ختم کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس حوالے سے کمیٹی قائم کرنے کی سمری محکمہ داخلہ بلوچستان نے وزیراعلیٰ کو بھجوائی تھی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے نوابزادہ براہمداغ بگٹی سمیت دیگر 2 بلوچ رہنماوٴں کیخلاف قائم مقدمات کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دیدی جبکہ محکمہ داخلہ نے تمام ڈویژنل کمشنرز اور آئی جی پولیس سے براہمداغ بگٹی سمیت تینوں رہنماوٴں کیخلاف قائم مقدمات کی تفصیلات طلب کرلیں۔ صوبائی سیکریٹری داخلہ نے بتایا کہ ابھی تک صرف کمشنر سبی ڈویژن نے براہمداغ بگٹی کیخلاف درج 28مقدمات کی تفصیلات محکمہ داخلہ کو ارسال کی ہیں۔ابھی تک نصیر آباد، قلات اور مکران ڈویژن اور آئی جی پولیس کی جانب سے تینوں رہنماوٴں کیخلاف قائم مقدمات کی تفصیلات موصول نہیں ہوئی ہیں۔ سیکریٹری داخلہ بلوچستان نے مزید بتایا کہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور آئی جی پولیس کی جانب سے تفصیلات آنے کے بعد کمیٹی مقدمات کا جائزہ لیکر انہیں ختم کرنے سے متعلق سفارشات مرتب کریگی۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچ رہنماوٴں کے خلاف قائم مقدمات کے خاتمے کیلئے قائم کمیٹی میں صوبے سے پارلیمانی و سرکردہ سیاسی رہنماوٴں کوشامل کیا جارہا ہے۔

مزید خبریں :