16 مارچ ، 2012
اسلام آباد … وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے خود پر لگائے جانے والے الزامات کے جواب میں کہا ہے کہ پہلے شہباز شریف کی انگلی گھومی پھر ہاتھ اور اب ان کادماغ گھوم چکا ہے، انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ الطاف بھائی اپنے بھائی آصف زرداری کا بائیکاٹ نہیں ہونے دیں گے۔ اسلام آبادمیں میڈیا سے بات چیت میں وفاقی وزیر داخلہ کاکہنا تھا کہ آئی بی ان کے ماتحت تھی نہ ہے۔ انہوں نے کاغذات لہراتے ہوئے کہا کہ جنرل درانی کے حلفیہ بیان میں پیسے لینے والوں میں دوسرا نام نواز شریف کا ہے، شہباز شریف نے مہران بینک سے 4 کروڑ کا قرض ٹیلے فون کرکے لیا۔ اس موقع پرانہوں نے اپنے اوپر تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پہلے شہباز شریف کی انگلی گھومی پھر ہاتھ اور اب ان کادماغ گھوم چکاہے۔ رحمان ملک نے کہاکہ شہباز شریف بتائیں موسیٰ غنی کون ہے؟ وہ اللہ کے گھر بیٹھ کرجھوٹ بولتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کی بھتا خوری پرشکایت جائز ہے تاہم وہ آصف زرداری کے بھائی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی جماعت صدر کی تقرر کا بائیکاٹ نہیں کرے گی، دونوں بھائی بھائی ہیں اورالطاف بھائی آصف بھائی کے خلا ف بائیکاٹ نہیں ہونے دیں گے۔ وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے موقع پرمارگلہ کی پہاڑیوں سے خطرہ ہے تاہم فضائی نگرانی سمیت تمام حفاظتی انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔