19 ستمبر ، 2013
پشاور…خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ انہوں نے مالاکنڈ سے فوج کی واپسی کی کوئی نہیں بات نہیں کی، جب تک حالات ٹھیک نہیں ہوجاتے فوج مالاکنڈ میں رہے گی، جب حالات ٹھیک ہوں تو فوج کی واپسی کا فیصلہ کیا جائے گا۔ پشاور میں جیو نیوز سے گفتگو میں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ پاک افواج ملک و قوم کی خدمت کر رہی ہیں اور مالاکنڈ میں ان کی موجودگی قیام امن کے لئے ہے، اس لئے صوبائی حکومت کی جانب سے فوج کی واپسی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ وہ سانحہ اپر دیر کی مذمت کرتے ہیں، ایسے واقعات قیام امن کی راہ میں رکاوٹ کا باعث بنتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے طالبان سے مذاکرات کااختیار وفاقی حکومت کو دے دیا ہے، اب مذاکرات وفاقی حکومت کی ذمے داری ہے۔وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں اصلاحات کے بعد صوبے میں معاشی و اقتصادی ترقی کا دورجلد شروع جائے گا۔