01 نومبر ، 2013
میران شاہ …ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقیڈانڈے درپاخیل میں آج ڈرون حملے میں جس گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے،اس حوالے سے مقامی افراد کا کہنا ہے کہ یہ گاڑی حکیم اللہ محسود کے زیر استعمال رہتی تھی۔ذرائع نے مزید بتایا کہ ڈانڈے درپاخیل میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا مرکز ہے،اور اسکا سربراہ حکیم اللہ محسود کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے مرکز آتا رہتا تھا۔ دریں اثناء حکومتی ذرائع نے بھی کہا ہے کہ ڈرون حملے میں اہم طالبان کمانڈر کے مارے جانے کی اطلاع ہے۔ا دھر ذرائع کے مطابق ایک پمفلٹ میں علاقہ مکینوں کو ایک ہفتے کے لیے علاقہ چھوڑنے کا کہا گیا، پمفلٹ حافظ گل بہادر کی تنظیم شوریٰ مجاہدین کی طرف سے تقسیم کیے گئے،ذرائع کا کہنا ہے کہ پمفلٹ میں مزید کہا گیا تھا کہ حالات خراب ہونے جا رہے ہیں، لوگ اپنی قیمتی اشیا لے کر چلے جائیں۔