24 مارچ ، 2012
کراچی …کراچی میں ملیر بار کے سابق صدر اور ان کے وکیل بیٹے کو مسلح حملے میں قتل کردیا گیا۔ وزیرداخلہ سندھ آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی جبکہ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے دہشت گردی کی اس واردات کا نوٹس لے لیا ۔ملیر سٹی پولیس کے مطابق 70 سالہ صلاح الدین حیدر ایڈووکیٹ اپنے بیٹے علی رضا حیدر ایڈووکیٹ کے ساتھ صبح 9 بجے گھر سے کورٹ جانے کے لئے نکلے ہی تھے کہ ملیر غازی ٹاوٴن میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ان پر فائرنگ کردی جس سے دونوں شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں ریسکیو ورکرز نے جناح اسپتال پہنچایا تاہم اسپتال لائے جانے تک دونوں جاں بحق ہوچکے تھے۔ پولیس کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے۔ صلاح الدین ایڈووکیٹ ملیر بار کے بانی اور سابق صدر تھے جبکہ ان کا بیٹا دو سال قبل ہی ملیر بار میں ان رول ہوا تھا۔ وکیل باپ بیٹے کے قتل کی اطلاع ملتے ہی وکلاء برادری کے سرکردہ رہنماء جناح اسپتال پہنچ گئے۔ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے وکیل رہنما صلاالدین حیدر ان کے بیٹے کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے۔ سیشن جج ملیر کو تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ جبکہ وزیر داخلہ سندھ منظور وسان نے بھی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی۔