24 مارچ ، 2012
کوئٹہ…کوئٹہ سے پشاور جانے والی ایک اہم ٹرین کوئٹہ ایکسپریس کو عارضی طور پر بند کردیاگیا، کوئٹہ ایکسپریس کی بندش کے بعد کوئٹہ سے اندرون ملک جانے والی ٹرینوں کی تعداد صرف دو رہ گئی۔ٹرینوں کی گھنٹوں نہیں بلکہ دنوں تاخیر سے آمد و رفت تو معمول بن ہی چکی تھی اب ٹرینوں کی بندش کا عمل بھی شروع ہوگیا ہے جس کی تازہ مثال کوئٹہ ہے جہاں پہلے ہی محکمہ ریلوے کا آپریشن نہ ہونے کے برابر تھا وہاں اندرون ملک کے لئے چلنے والی تین میں سے ایک ٹرین کوئٹہ ایکسپریس کو ہی بند کردیاگیا ہے، کوئٹہ ایکسپریس کوئٹہ سے پشاور کے لئے روانہ ہوا کرتی تھی تاہم دو روز سے ایسا نہیں ہورہا، ریلوے ذرائع کے مطابق پشاور جانے والی کوئٹہ ایکسپریس کو انجن کی عدم دستیابی کے باعث عارضی طور پر معطل کیا گیا ہے،ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ عارضی بندوبست کے طور پر کوئٹہ ایکسپریس کی ایک یا دو بوگیوں کو جعفر ایکسپریس کے ساتھ لگاکر بھجوایاجارہا ہے اور جیسے ہی انجن دستیاب ہوگا کوئٹہ ایکسپریس کو بحال کردیاجائے گا،فی الحال کوئٹہ ایکسپریس کے لئے آئندہ کے لئے ریزرویشن کا عمل بھی بند کردیاگیا ہے۔دوسری جانب کوئٹہ ایکسپریس کی بندش کے باعث کوئٹہ سے پشاور جانے والے مسافروں کو پریشانی کا سامناہے، اس سے قبل کوئٹہ سے اندرون سندھ جانے والی مہران ایکسپریس اور اباسین ایکسپریس کو بھی مستقل طور پر بند کیاجاچکا ہے۔