24 مارچ ، 2012
کراچی…سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مشیر عالم نے کراچی میں وکیل باپ بیٹے کی ٹارگٹ کلنگ کا نوٹس لیتے ہو ے سیشن جج ملیر سے رپورٹ طلب کرلی ہے جبکہ سندھ بار کونسل کی اپیل پر پیر کو صوبے بھر میں یوم سیاہ منایا جائے گا اورعدالتوں کا بائیکاٹ کیا جاے گا۔صلاح الدین حیدر اور ان کے بیٹے علی رضا حیدر کو آج علی الصبح اسوقت ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا جب وہ جعفر طیار سوسائٹی میں واقع اپنے گھر سے ملیر کورٹ آرہے تھے۔ واقعے کی خبر ملتے ہی جسٹس مشیر عالم نے سیشن جج ملیر امداد کھوسو سے ابتدائی رپورٹ طلب کرلی۔ رجسٹر ار سندھ ہائی کورٹ عبدالرسول میمن کے مطابق سیشن جج ملیر کو تحقیقات کی نگرانی خود کرنے اور بار رہنماوں سے رابطے میں رہنے کی ہدیات کی گئی ہے۔ واقعے کے فورا بعد ضلع ملیر کی عدالتوں میں کام بند کردیا گیا جو غیر معینہ مدت کے لئے بند رہے گا۔ سندھ بار کونسل کے رکن محمود الحسن ایڈوکیٹ نے پیر کو صوبے بھر میں یوم سیاہ منانے اور عدالتوں کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے جبکہ سندھ ہائی کورٹ بار کے نائب صدر عاشق علی رانا نے پیر کو بار کی جنرل باڈی کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔