24 مارچ ، 2012
لاہور… مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی حکم عدولی اور فیصلوں کو نہ ماننے کے منصوبے بنائے جا رہے ہیں،مسلم لیگ ن ایسے منصوبہ سازوں کا محاسبہ کرے گی۔جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں نواز شریف کاکہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے ساتھ جو سلوک کیا جا رہاہے وہ ناقابل برداشت ہے،عدالت عظمیٰ جو فیصلے کرے گی ان کی جماعت اس پر عملدرآمد کرائے گی۔نواز شریف کاکہنا تھا کہ جو لوگ آج بلوچستان کے مسئلے پر مگر مچھ کے آنسو بہارہے ہیں انہوں نے اس وقت ڈکٹیٹر مشرف کوکیوں نہ روکا اور جب اس نے بگٹی کے خلاف فوجی آپریشن کرکے اسے قتل کیا تو اسے چھوڑ کر الگ کیوں نہ ہوگئے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ملک میں بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ نے جینا حرام کررکھا ہے خود ان کے گھر میں بیس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرداری کا ساتھ اس لئے دیا تھا کہ اس نے ڈکٹیٹر مشرف کے دور کے مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن جب ایسا نہ کیا تو اسے چھوڑ کر الگ ہوگئے۔