24 مارچ ، 2012
کراچی … اے این پی سندھ کے صدر اور سینیٹر شاہی سید نے مہاجر قومی مومنٹ کے چیئر مین آفاق احمد کے قافلے پر فائرنگ اور ملیر بار کے سابق صدر صلاح الدین حیدر اور ان کے بیٹے کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ کراچی میں اے این پی کے مرکز سے جاری اعلامیے کے مطابق شاہی سید کا کہنا تھا کہ عوامی نیشنل پارٹی سندھ صلاح الدین حیدر مرحوم کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے، دہشت گردی اور انتہاء پسندی چاہے کسی بھی شکل میں ہو اس کی مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست کرنا ہر کسی کا بنیادی حق ہے ظلم و جبر سے کسی کو سیاست سے روکنے کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی حکومت پر کوئی مشکل مرحلہ پیش آتا ہے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کراچی کے حالات خراب کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آج کے واقعات میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرکے کڑی سزا دی جائے۔