25 مارچ ، 2012
لاہور… بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف پنجاب کے مختلف شہروں میں عوام سڑکوں پر آنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ لاہورمیں طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف رات گئے تک احتجاج ہوتا رہا ، شہریوں نے ٹائر جلائے اور سڑکیں بلاک کردیں۔ اس سے پہلے دن بھر بد ترین غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے ستائے شہریوں اور تاجروں نے جگہ جگہ احتجاجی مظاہرے کیے، تاجروں نے دفعہ 144کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مال روڈ پر ٹریفک جام کر دی، اردو بازار کے تاجربھی لوڈشیڈنگ پر احتجاج کرتے ہوئے سڑک پر نکل آئے۔گوجرانوالہ میں بھی بجلی کی طویل بندش پر شہری بلبلا اٹھیاور،جی ٹی روڈ پر ٹائر جلا کرٹریفک بلاک کر دی،پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی،مظاہرین نے بھی ڈٹ کر پولیس پر پتھراوٴ کیا،علاقہ کئی گھنٹوں تک میدان جنگ بنارہا۔ جبکہ قصور اور حافظہ آباد میں بھی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف اہل علاقہ سڑکوں پر نکل آئے،مظاہرین میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے لوڈ شیڈنگ کے خلاف عوام ویسے تو سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرتی ہے ہی لیکن فیصل آباد میں لوگوں نے انوکھا احتجاج کیا مشتعل مظاہرین نے ڈھول کی تھاپ پر رقص ، سڑک پر ٹائر جلا کر روڈ بلاک کیا ،اور ایک راہگیر کو سڑک کراس کرنے پر تشدد کا نشانہ بھی بنایا ۔ایک شخص نے سر پر کپڑا باندھ کر آگ بھی لگا لی۔دوسری جانب جھنگ روڈ پر احتجاج کے دوران مظاہرین نے نجی بینک پر حملہ کیا ،شیشے توڑ دیئے۔مظاہرین نیمشروب سے بھرے ٹرک کو بھی لوٹ لیا۔غلام محمد آباد میں پاورلومز مزرودوں نے احتجاج کیا اوررضا آباد میں ریلی نکالی۔شیخوپورہ روڈ پر بھی لوگوں نے احتجاج کیا۔