25 مارچ ، 2012
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری سے اپیل کی ہے کہ فاخرہ کے چہرے پر تیزاب پھینکنے اور انہیں خود کشی پر مجبور کرنے کے واقعہ کا از خود نوٹس لیاجائے اور فاخرہ کے سفاکانہ قتل میں ملوث بااثر جاگیردار بلال کھر کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق عبرتناک سزا دی جائے۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ بااثر جاگیرداروں اور وڈیروں کی جانب سے خواتین پر ظلم و تشدد اور خواتین کے بنیادی حقوق غصب کرنے کے واقعات روز مرہ کا معمول بن چکے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز کی جانب سے اپنی اہلیہ عائشہ احد ملک کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنا کر ان کے خلاف جھوتے مقدمات درج کئے گئے ، اسی طرح سابق وزیر اعلیٰ پنجاب غلام مصطفی کھر کے صاحبزادے بلال کھر نے 12سال قبل اپنی اہلیہ فاخرہ کے چہرے پر تیزاب پھینک کر نہ صرف ان کا چہرہ جھلسا دیا بلکہ انہیں زندہ نعش میں بھی تبدیل کردیا لیکن بااثر جاگیردار سیاسی اثر و رسوخ رکھنے کے باعث بلال کھر آج کے دن تک قانون کی گرفت سے محفوظ ہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ فاخرہ 12سال تک انصاف کی منتظر رہی اور مایوسی کا شکار ہوکر خود کشی کرنے پر مجبور ہوگئی۔ انصاف کا تقاضہ ہے کہ بلال کھر کو عدالت کے کٹہرے میں کھڑا کیاجائے۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایم کیوایم ، قائد تحریک الطاف حسین کی تعلیمات کے مطابق خواتین کے خلاف سیاہ قوانین ، فرسودہ رسومات اور خواتین کے بنیادی حقوق غصب کرنے کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرتی رہے گی اور مظلوم خواتین کو غیر انسانی سلوک کا نشانہ بنانے والوں کے خلاف حق پرستانہ جدوجہدکرتی رہے گی۔ رابطہ کمیٹی نے صدر مملکت آصف علی زداری ، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک سے مطالبہ کیا کہ فاخرہ کے چہرے پر تیزاب پھینکنے اور انہیں خود کشی پر مجبور کرنے کے واقعہ کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے اور اس سفاکانہ قتل میں ملوث بلال کھر کو گرفتار کرکے آئین و قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے۔