پاکستان
25 مارچ ، 2012

غیر ملکیوں کے اغوا کے بڑھتے واقعات پر وزارت خارجہ کا اظہار تشویش

غیر ملکیوں کے اغوا کے بڑھتے واقعات پر وزارت خارجہ کا اظہار تشویش

اسلام آباد … ملک کے مختلف علاقوں سے غیرملکی باشندوں کے اغوا کے باعث بین الاقومی تعلقات میں پاکستان کو مشکلات کا سامنا ہے، صورتحال پر غور اور غیرملکیوں کے اغوا اور بازیابی کے حوالے سے حکمت عملی طے کرنے کیلئے وزارت داخلہ نے 27مارچ کو اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ نے وفاقی وزارت داخلہ کو آگاہ کیا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں سے تاوان کی غرض سے غیرملکیوں کے اغواء کے باعث بین الاقومی تعلقات میں پاکستان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ وزارت داخلہ نے غیرملکیوں کی فوری اور بحفاظت بازیابی کیلئے جامع لائحہ عمل طے کرنے کیلئے اسلام آباد میں اجلاس طلب کرلیا ہے۔ اجلاس میں اسلام آباد اور چاروں صوبوں کے آئی جی پیز، چاروں صوبوں کے سیکریٹری داخلہ اور حساس اداروں کے اہلکار شرکت کریں گے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق اغواء ہونے والے غیرملکیوں میں سے 6 افغان باشندے ہیں جن میں سے 4 کو اسلام آباد اور 2 کو پشاور سے اغوا کیا گیا۔ 6 غیر ملکیوں کو بلوچستان کے مختلف علاقوں سے اغوا کیا گیا جن میں ایک برطانوی جبکہ ایک ناروے کا باشندہ بھی شامل ہے، پنجاب سے 3 غیرملکیوں کو اغوا کیا گیا ہے جن میں سے ایک کا تعلق امریکا، ایک کا اٹلی اور ایک کا جرمنی سے ہے جبکہ سندھ سے ایک کینیائی باشندے کو اغوا کیا گیا۔ یہ تمام مغوی اب تک بازیاب نہیں ہوئے ہیں۔

مزید خبریں :