25 مارچ ، 2012
پشاور … آئی ایس پی آر کے مطابق احمد زئی وزیر اور محسود قبائل کے تعاون کی بدولت سیکیورٹی فورسز کو جنوبی وزیرستان میں تقریباً 40 دہشت گردوں کو ہلاک اور مختلف ٹھکانے تباہ کرنے میں کامیابی ملی۔ آئی ایس پی آر پشاور کی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ملکی و غیر ملکی دہشت گردوں نے بلوچستان کی حدود میں 2 شہداء کے سر وانا بازار میں پھینک دیئے تھے۔ جنوبی وزیرستان میں احمد زئی وزیر اور محسود عوام نے غیروں کے آلہ کاروں کے ٹھکانوں کی نشاندہی میں سیکیورٹی فورسز سے تعاون کرکے نئی تاریخ رقم کی، انہی کی نشاندہی پر پاک افواج نے گزشتہ روز جنوبی وزیرستان کے علاقے شین وارسک وانا میں بھر پور کارروائی کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی میں مختلف مقامات پر 35 سے 40 دہشت گردوں کو ہلاک اور ان کے ٹھکانوں کو تباہ کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد بچوں اور عورتوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے تھے جس کی وجہ سے فورسز کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تقریباً 8 گھنٹے جاری رہنے والے آپریشن میں سیکیورٹی فورسز کے 4 اہلکار بھی شہید ہوئے۔