25 مارچ ، 2012
اسلام آباد … تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ اقتدار ملنے کے 9 دن کے اندر ہی ملک سے آدھی کرپشن کا خاتمہ کر دیں گے۔ عمران خان کہتے ہیں کہ بڑی ڈیمانڈ آرہی ہے، اب تحریک انصاف چلڈرن ونگ بھی بنا رہے ہیں۔ اسلام آباد میں تحریک انصاف کی مرکزی مجلس عامہ کے اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ پارٹی بچے یا نہ بچے، پارٹی میں انتخابات ضرور کروائے جائیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے تمام اراکین اپنے اثاثے بتائیں گے اور ان اثاثوں کو پارٹی کی سائٹ پر بتایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج پارٹی میں تمام اختلافات ختم ہو گئے ہیں۔ تحریک انصاف کی سی ای سی نے پارٹی کے آئین کی بھی منظوری دے دی ہے، 2 ماہ کیلئے رکنیت سازی مہم شروع کی جارہی ہے جس کے بعد انتخابات کا اعلان کیا جائے گا۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف میں تمام عہدے انتخابات کی بنیاد پر ہی دیئے جائیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں سمجھوتہ ایکسپریس چل رہی ہے، تمام سیاست دان ”اسٹیٹس کو“ کو برقرار رکھنے کیلئے اندر سے ایک دوسرے کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 25 مارچ 1992ء کو ورلڈ کپ جیتا تھا اور اب پاکستان میں حکومت کا کپ جیتیں گے۔