26 مارچ ، 2012
لاہور…وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ڈینگی کی ممکنہ وبا سے نمٹنے کے لیے صفائی مہم کے سلسلے میں وفاقی حکومت کے محکموں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ صوبے بھر کے اسپتالوں میں ہائی ڈیپنڈنسی یونٹ قائم کر دئیے گئے ہیں۔لاہور میں ڈینگی سے نمٹنے کے لئے بلائے گئے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت ڈینگی سے نمٹنے کی حکمت عملی میں تمام صوبائی حکومتوں کی معاونت کیلئے تیار ہے۔ ڈینگی کے باعث صفائی کا مضمون تعلیمی اداروں میں متعارف کروانے کا جائزہ لیا جائے۔ شہری اپنے گھروں، گلی محلوں اور بازاروں کی صفائی میں کردار ادا کریں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی اینٹی ڈینگی بریگیڈ تشکیل دئیے جائیں گے جبکہ ڈینگی پر قابو پانے کے لیے تھائی لینڈ کے ماڈل کو اپنایا جائے گا۔