26 مارچ ، 2012
فیصل آباد … فیصل آباد میں غیر اعلانیہ اور طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے خلاف آج پھر مشتعل شہری سڑکوں پر نکل آئے، گاڑیوں اور املاک کو نقصان پہنچایا اور فیسکو آفس پر دھاوا بول کر توڑ پھوڑ کی، لوڈشیڈنگ کے ستائے فیصل آباد کی فیکٹریوں کے مزدور آج صبح پہلے سمندری روڈ پر نکلے اور رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک بلاک کردیا، اس دوران مشتعل مظاہرین نے توڑ پھوڑ بھی کی، گاڑیوں پر ڈنڈے برسائے اور زبردستی دکانیں بند کروا کے املاک کو بھی نقصان پہنچایا، بعد میں لوڈشیڈنگ کے خلاف شہری کینال روڈ پر نکلے اور بجلی کی بندش کے خلاف مظاہرہ کیا۔ مشتعل مظاہرین بجلی کی بندش پر مذاکرات کیلئے فیسکو کے دفتر پہنچے لیکن انتظامیہ کا کوئی شخص نہ ملا تو انہوں نے ہنگامہ آرائی کی اور فیسکو دفتر کی املاک کو نقصان پہنچایا۔ دوسری طرف واپڈا کا کہنا ہے کہ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے پمپنگ اسٹیشنز بند ہونے کے باعث شہر کی 60فیصد آبادی کو پینے کے پانی کی سپلائی بھی شدید متاثر ہورہی ہے ۔