26 مارچ ، 2012
کراچی … متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن کنور نویدجمیل نے الزام لگایا ہے کہ ایم کیو ایم کے تحت مشاعرے کے دوران اے این پی کے کارکنوں نے فائرنگ کی، کراچی کا امن برباد کرنے کی سازش کی جارہی ہے جو برداشت نہیں کی جائیگی۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کنور نوید جمیل کا کہنا تھا کہ مسلح دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کے وقت پنڈال کے اطراف تعینات پولیس اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے اے این پی کا کارکن ہلاک ہوا جبکہ دیگر ملزمان فرار ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ اے این پی کراچی میں بھتاخوری، لوٹ مار اور دہشت گردی کا بازار گرم رکھے ہوئے ہے، باچا خان کے فکرو فلسفے کی بات اسے زیب نہیں دیتی۔ رکن رابطہ کمیٹی نے الزام لگایا کہ کراچی میں میں دہشت گردی اور قتل و غارت گری میں اے این پی براہ راست ملوث ہے۔