26 مارچ ، 2012
اسلام آباد … وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ سلالہ چیک پوسٹ حملے پر امریکا کی جانب سے معافی کافی نہیں ہوگی۔ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں بتایا کہ سلالہ چیک پوسٹ پر نیٹو حملے کے بعد امریکا کے ساتھ تعلقات پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا ہم گزشتہ دس سالوں سے اتحادی تھے کیا ہمیں اتحادی ہونے کی عزت ملی؟۔ حنا ربانی کھر نے بتایا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے انسانی جانوں کی بے پناہ قربانیاں دیں اور اتحادی ہونے کے ناطے بہت معاشی نقصان اٹھانا پڑا۔ انہوں نے بتایا تعلقات کو فلسفیانہ اصول کے بجائے حقیقی اور عملی طور پر دیکھنا چاہئے۔ اس موقع پر حنا ربانی کھر نے طالبان رہنما ملا عمرکی پاکستان سے رابطے کے دعوے کو مسترد کر دیا۔