پاکستان
26 مارچ ، 2012

پارلیمنٹ کا اجلاس: تہمینہ دولتانہ اور اسپیکر قومی اسمبلی کے درمیان تلخ کلامی

پارلیمنٹ کا اجلاس: تہمینہ دولتانہ اور اسپیکر قومی اسمبلی کے درمیان تلخ کلامی

اسلام آباد … قومی اسمبلی میں تہمینہ دولتانہ اور اسپیکر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا ہے، اسپیکر نے رکن اسمبلی کا مائیک بند کردیا۔ قومی اسمبلی اجلاس کے دوران مسلم لیگ ن کی رکن تہمینہ دولتانہ نے لوڈ شیڈنگ پر بولنے کی کوشش کی جس پر اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے انہیں بات مختصر کرنے کی ہدایت کی جس پر دونوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ تہمینہ دولتانہ نے اسپیکر کو کہا کہ آپ کا کام سننا ہے، بولنا نہیں جس پر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے انہیں مشورہ دیا کہ آپ کو بھی سینئر رکن پارلیمنٹ کی طرح رویہ رکھنا چاہئے ، آپ کا رویہ پارلیمانی آداب کے مطابق نہیں اسے درست کریں ۔ اس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی نے ن لیگ کی رکن تہمینہ دولتانہ کا مائیک بند کردیا۔ تہمینہ دولتانہ نے اعتراض کیا کہ انہیں 2 گھنٹے سے بولنے کا موقع نہیں دیا گیا جس پر اسپیکر نے کہا کہ آپ خود دیکھ رہی تھیں کہ آپ کی پارٹی مسلم لیگ ن کے سینئر اراکین بات کررہے تھے۔ جس کے بعد تہمینہ دولتانہ اسپیکر کی طرف انگلی اٹھا کر تلخ الفاظ بولتی رہیں اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے واک آوٴٹ کر گئیں تاہم ان ہی کی پارٹی کے رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق، تہمینہ دولتانہ کو واپس لے آئے۔

مزید خبریں :