پاکستان
26 مارچ ، 2012

منصور اعجاز پاگل ہے، را کے چیف سے ملاقات نہیں کرائی، یاسین ملک

منصور اعجاز پاگل ہے، را کے چیف سے ملاقات نہیں کرائی، یاسین ملک

اسلام آباد … جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک نے منصور اعجاز کو پاگل شخص قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی را کے چیف سے ملاقات ثابت کر دی جائے تو وہ سیاست چھوڑ دیں گے۔ میمو کمیشن نے وزارت خارجہ سے حسین حقانی کی بطور سفیر بجھوائی گئی حساس اور خفیہ معلومات طلب کرتے ہوئے موجودہ اور سابق سیکریٹریز خارجہ کوبلانے کا فیصلہ کیا ہے، میمو کمیشن کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا۔ کمیشن کا اجلاس جسٹس فائز عیسیٰ ٰ کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ یاسین ملک نے میمو کمیشن کو بیان ریکارڈ کر اتے ہوئے کہا کہ ہریانہ بھارت میں 25 اور 26 نومبر 2000ء کو ایک کانفرنس ہوئی جس میں منصور اعجاز نے سابق امریکی صدر بل کلنٹن کے نمائندے کے طور پر شرکت کی، منصور اعجاز نے انہیں ہوٹل بلاکر ایک دوست سے ملوایا جس نے را کے چیف سے ملاقات کی تجویز دی جس پر وہ وہاں سے اٹھ کر چلے گئے تھے۔ یاسین ملک نے ایک موقع پر منصور اعجاز کو پاگل شخص بھی قرار دیا۔ یاسین ملک نے جب بے نظیر بھٹو کی ان کے ساتھ لندن میں ملاقات کے بارے میں بات کرنا چاہی تو کمیشن نے یہ کہتے ہوئے کارروائی ان کیمرا کردی کہ کہیں کوئی نیا پنڈورا باکس نہ کھل جائے۔ کمیشن نے منصور اعجاز کے وکیل اکرم شیخ کو ہدایت کی کہ یاسین ملک پر جرح آج ہی کر لی جائے تاہم اکرم شیخ نے کہا کہ وہ ریکارڈ شدہ بیان کی کاپی اور منصور اعجاز سے ہدایات ملنے کے بعد جرح کریں گے۔ یاسین ملک کا کہنا تھا کہ وہ ایک ماہ تک پاکستان میں ہیں اور وکلاء کے تمام سوالوں کے جواب دیں گے۔ حسین حقانی کے وکیل نے کمیشن سے کہا کہ حسین حقانی کو پاکستان میں خطرہ ہے، ان کا بیان ویڈیو لنک کے ذریعے ریکارڈ کرنے کے حوالے سے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے، سپریم کورٹ میں حسین حقانی کی وکیل عاصمہ جہانگیر بھارت میں ہیں اور 17 اپریل کو واپس آئیں گی ، اس کے بعد کی تاریخ طے کی جائے۔ کمیشن نے ان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عاصمہ جہانگیر کی آمد میں تاخیر ہے تو کوئی اور وکیل کر لیا جائے جبکہ حسین حقانی نے یقین دہانی بھی کرائی تھی کہ 4 دن کے نوٹس پر اسلام آباد میں میمو کمیشن کے سامنے پیش ہو جائیں گے، انہیں پیش ہونا چاہئے۔ حسین حقانی کے وکیل زاہد بخاری نے کہا کہ ان کے موٴکل جب پاکستان میں تھے تو بکتر بند گاڑی میں میمو کمیشن آتے تھے جس پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاآپ فکر نہ کریں ، ہم حسین حقانی کو ٹینک میں بھجوایا کریں گے۔

مزید خبریں :