26 مارچ ، 2012
اسلام آباد … پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کی رپورٹ پر بحث کیلئے طلب کیا گیا تھا تاہم اپوزیشن کے حکومت سے مذاکرات اور لوڈ شیڈنگ پر احتجاج کی وجہ سے بحث موٴخر کر دی گئی۔ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 4 بجے شروع ہونا تھا جس میں پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کی رپورٹ پر بحث ہونا تھی لیکن اجلاس سے قبل وفاقی وزیر سید خورشید شاہ اور سینیٹر رضا ربانی نے اپوزیشن رہنماوٴں چوہدری نثار، اسحق ڈار اور مولانا فضل الرحمان سے مذاکرات کئے۔ ذرائع نے بتایا کہ مذاکرات میں اپوزیشن کے لوڈ شیڈنگ پر ممکنہ احتجاج کے پیش نظر حکومتی ٹیم نے ایوان کا ماحول پر امن رکھنے اور رپورٹ پر بحث کرنے کی درخواست کی تاہم اپوزیشن نے یہ درخواست رد کرتے ہوئے موٴقف اختیار کیا کہ عوام بجلی کی عدم دستیابی کے باعث سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں، اس لیے ایوان میں اور کسی ایشو پر بحث نہیں ہوسکتی جس کے بعد یہ فیصلہ ہوا کہ آج قومی سلامتی کمیٹی کی رپورٹ پر بحث نہیں کی جائے گے۔ مذاکرات کے بعد اجلاس 2 گھنٹے سے زائد کی تاخیر سے شروع ہوسکا ۔