پاکستان
05 دسمبر ، 2013

4کی جگہ 272 حلقوں پر انگوٹھوں کے نشان چیک کرنے کو تیار ہیں، چوہدری نثار

4کی جگہ 272 حلقوں پر انگوٹھوں کے نشان چیک کرنے کو تیار ہیں، چوہدری نثار

اسلام آباد…وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں مقناطیسی سیاہی استعمال ہی نہیں ہوئی، انگوٹھوں کے نشان چار کی جگہ 272نشستوں پر چیک کرا لیں، ہر حلقے میں ساٹھ، ستر ہزار ووٹوں کی تصدیق ہو ہی نہیں سکے گی، انگوٹھے کے نشان کا معاملہ میرے دائرہ اختیار میں نہیں اسے جسٹس وجیہ الدین کے سپرد کرتا ہوں۔ چوہدری نثارکا قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت جو کرسکتی ہے وہ کرنے کو تیار ہے، ہم نے 4کے بجائے 40حلقوں میں انگوٹھے کے نشان کی بات کی، انگھوٹوں کے نشانات کی تصدیق 4کے بجائے 272حلقوں میں کرائی جائے۔ چوہدری نثارنے مزید کہا کہ نگراں حکومت اورالیکشن کمیشن مقناطیسی سیاہی استعمال نہ کرنے کا جواب دیں، بہت کمزور اور گناہ گار انسان ہوں لیکن میرے دور میں کوئی غلط کام نہیں ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ امن صوبائی حکومتوں کی ذمے داری ہے،وفاق وہاں مدد کرتا ہے جہاں صوبے مانگیں، سانحہ راولپنڈی صوبائی حکومت کی ذمے داری ہے، وفاق نے ذمے داری پوری کی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت سانحہ راولپنڈی کے ملزمان کے خلاف کارروائی کرے، حکیم اللہ محسود کی ہلاکت کے بعد مصدقہ اطلاعات ہیں کہ پورا پاکستان نشانے پر ہے، منوں کے حساب سے بارود برآمد کیا گیا جس سے محرم میں تباہی مچائی جانی تھی۔ چوہدری نثار نے بتایا کہ پشاور، کوٹ ادو اور بلوچستان سے بارودی مواد برآمد کیا گیا، انٹیلی جنس رپورٹس میں مسجدوں اور امام بارگاہوں پر حملے کی کوئی رپورٹ نہیں تھی، تمام مکاتب فکر کو اکٹھا کر کے ضابطہٴ اخلاق بنانے کیلئے سرگرم ہیں۔ چیئرمین نادرا کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین نادرا کے معاملے پر عدالت جو فیصلہ دے گی اس پرعمل ہوگا، گزشتہ حکومت نے طارق ملک کو پہلے جی ایم لگایا اور پھر ڈپٹی چیئرمین نادرا بنا دیا۔ نادرا آرڈیننس میں ڈپٹی چیئرمین کا عہدہ ہی نہیں تھا، قوانین نرم کرکے طارق ملک کو چیئرمین لگایا گیا، طارق ملک سے کہا کہ نادرا اکاوٴنٹس تک رسائی نہیں دیں گے تو فارغ کردیا جائے گا۔ چوہدری نثار نے مزید کہا کہ انگوٹھوں کی تصدیق کے ذمے دار چیئرمین نادرا نہیں، وزارتِ داخلہ ہے، اپنے آپ کو بچانے کیلئے معلومات میڈیا کو دی گئیں، چیئرمین نادرا کی تنخواہ 2سے 10لاکھ کردی گئی، ظلم روٹی کپڑا مکان دینے والوں نے کیا، پہلے میرٹ کے بغیر تقرری ہوئی، اب میرٹ پر نئے چیئرمین نادرا کی تقرری ہوگی۔

مزید خبریں :