07 دسمبر ، 2013
لاہور…پنجاب حکومت کے اہل سنت والجماعت سے مذاکرات کام یاب ہوگئے۔ گزشتہ روز جاں بحق ہونے والے اہل سنت والجماعت کے رہنما مولانا شمس الرحمان کی نماز جنازہ کچھ دیر میں ادا کی جائے گی۔ اہل سنت والجماعت اور پنجاب حکومت میں مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد اہل سنت کے کارکنوں نے مال روڈ پر احتجاجی دھرنا ختم کر دیا ۔مولانا شمس الرحمان معاویہ کی نماز جنازہ کچھ دیر بعد ادا کی جائے گی جس کے بعد میت کو میاں میر قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا ۔اہل سنت والجماعت پنجاب کے صدر مولانا شمس الرحمان معاویہ کے قتل کے خلاف احتجاج کیلئے اہل سنت و الجماعت کے رہنما اور کارکن بڑی تعداد میں مال روڈ پرمسجد شہداء کے باہر جمع ہوئے،مولانا شمس الرحمان معاویہ کی میت کو ان کی رہائش گاہ بستی سیدن شاہ سے مال روڈ پر لایا گیا اور سڑک پر احتجاجاً دھرنا دیا گیا۔لاہورمیں اہل سنت والجماعت کے سات رکنی وفد اور حکومتی ٹیم کے درمیان سی سی پی آفس میں مذاکرات کیے گئے ۔اہل سنت والجماعت کے وفد کی قیادت مولانا اورنگزیب فاروقی نے کی جبکہ حکومتی ٹیم میں صوبائی وزیر بلال یاسین، خواجہ سلمان رفیق، سیف الملوک کھوکھر اور دیگر شامل تھے۔ حکومتی ٹیم نے وفد کو یقین دلایا کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔جماعت کے سربراہ مولانا محمد احمد لدھیانوی کی وطن واپسی پر ان کی ملاقات وزیر اعلی6 ٰ شہبازشریف سے کرائی جائے گی۔مذاکرات کی کامیابی کے بعد اہل سنت والجماعت کے رہنماوٴں نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا۔ نماز عشا ء کے بعد مولانا شمس الرحمان معاویہ کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی اور انہیں میاں میر قبرستان میں سپردخاک کیا جائے گا۔