پاکستان
07 دسمبر ، 2013

بھٹو صاحب کی نیشنلائزیشن کی پالیسی سے بہت نقصان ہوا،نواز شریف

بھٹو صاحب کی نیشنلائزیشن کی پالیسی سے بہت نقصان ہوا،نواز شریف

اسلام آباد…وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ بھٹو صاحب کی نیشنلائزیشن کی پالیسی سے پاکستان کو بہت نقصان ہوا، نیشنلائزیشن نہ ہوتی تو آج خطے میں سب سے زیادہ ترقی کرنے والا ملک پاکستان ہوتا،انتخابات کے دوران جو اعلانات کیے تھے ان پرعمل کرنے کی کوشش کی ہے، انتخابات سے قبل ملک میں بے روزگاری دیکھ کر پریشان ہوتا تھا، ملک میں نوجوانوں کی مدد کرنے والا کوئی نہیں تھا۔اسلام آباد میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو قرضے دینے کی اسکیم کا افتتاح کر نے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ قرض اسکیم نوجوانوں کے دکھ درد دیکھ کر تیار کی ہے، نوجوان ہی ملکی معیشت کو بلندی کی جانب لے جاسکتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کتنے افسوس کی بات ہے کہ نوجوانوں کوقرض دینے کیلئے کوئی تیار نہیں، جنوبی کوریا سمیت کئی ممالک پاکستان سے آگے نکل گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے دور حکومت میں بڑے اداروں کو نیشنلائز کیا گیا، نیشنلائزیشن نے ملکی معیشت کو بہت نقصان پہنچایا، مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے نیشنلائزیشن کو ختم کیا، ان لوگوں کا نام نہیں لینا چاہتا جنہوں نے معیشت کو نقصان پہنچایا۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ جو ادارے نقصان میں ہیں ان کو نجی تحویل میں دیں گے، اس حوالے سے پی آئی اے سمیت کئی اداروں پر نظر ہے۔

مزید خبریں :