27 مارچ ، 2012
کراچی…وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک کے حکم پر لیاری ریسورس سینٹر بند کرنے کے خلاف اہلیان لیاری کا احتجاج چوتھے روز بھی جاری رہا جبکہ آج لیاری سے کراچی پریس کلب تک نکالی جانے والی ریلی شہر کے حالات کے پیش نظر کل تک ملتوی کردی گئی۔لیاری ریسورس سینٹر میں باکسنگ ، فٹبال ، سائیکلنگ کے کوچنگ مراکز کے علاوہ بے نظیر انکم سپورٹ کا دفتر اور پولیس کمیونٹی سنیٹر بھی قائم ہے۔ اس سینٹر کے داخلی دفتر پر تالہ لگ جانے کی وجہ سے یہ سب کچھ بند ہوگیا ہے۔چیئر مین لیاری ریسورس سینٹر حبیب حسن نے جیو کو بتایا کہ ریسورس سینٹر میں ایک کمرشل بنک کی برانچ بھی ہے وہ بھی بند ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سینٹر میں نادرا کا ایک دفتر بھی قائم کروانے کے لیئے کوششیں کررہے تھے لیکن حکومتی اقدام سے انکی تمام کوششیں دھری کی دھری رہ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کراچی پریس کلب تک نکالی جانے والی ریلی شہر کے حالت کے پیش نظر کل تک ملتوی کردی گئی۔