28 مارچ ، 2012
اسلام آباد…بجلی پیدا کرنے والی 10 نجی کمپنیز نے 42ارب روپے کی عدم ادائیگیوں پر حکومت کو نوٹس بھجوادیے اور حکومتی ضمانت طلب کر لینے کی دھمکی بھی دی ہے۔ وزارت پانی و بجلی کے ذرائع کے مطابق دس آئی پی پیز کی طرف سے پرائیویٹ پاور اینڈ انفراسٹرکچر بورڈ کو نوٹس موصول ہو چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نوٹسز میں کہا گیا ہے کہ 19اپریل تک 42ارب کے بقایا جات ادا کیے جائیں ورنہ حکومتی ضمانت طلب کر لی جائے گی۔ جن آئی پی پیز نے نوٹسز بھیجے ہیں ان میں نشاط چونیاں، نشاط پاور، لبرٹی پاور، اٹلس ، ہلمور، سفائر، سیف پاور، اورینٹ، روش اور صبا پاور شامل ہیں۔ آئی پی پیز کا موقف ہے کہ بجلی کے واجبات نہ ملنے سے وہ دیوالیہ ہو رہی ہیں۔ اس حوالے سے پی پی آئی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر این اے زبیری سے متعدد بار رابطہ کیا گیا تاہم انہوں نے بات کرنے سے گریز کیا۔