16 دسمبر ، 2013
اسلام آباد…پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ دھاندلی کسی بھی صورت قبول نہیں ہے، اگر دھاندلی نہیں کی گئی تو دوبارہ گنتی سے کیوں ڈررہے ہیں۔ سپریم کورٹ روانگی سے قبل اپنی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے انصاف نہیں ملا، سپریم کورٹ کے سامنے اپنا کیس رکھ رہے ہیں دیکھیں انصاف ملتا ہے یا نہیں، الیکشن کمیشن کی کارکردگی سب کے سامنے ہے، ہم انصاف چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے4حلقوں میں تصدیق ہوجائے تو 272 میں بھی کرائی جاسکتی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ دھاندلی کرنی ہے تو الیکشن کرانے کی ضرورت نہیں ، ایسے الیکشن سے اچھا ہے الیکشن نہ کرائے جائیں، سپریم کورٹ کے علاوہ کس کا دروازہ کھٹکھٹائیں۔انہوں نے کہا کہ ہم خیبرپختونخوا میں بائیو میٹرک سسٹم لارہے ہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے۔