18 دسمبر ، 2013
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ محروم عوام کوان کے حقوق دیے بغیراورتمام نسلی ولسانی اکائیوں کے ساتھ مساوی سلوک کئے بغیرملک میں قومی یکجہتی پیدانہیں ہوسکتی۔انہوں نے یہ بات ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں پاکستان سے آئے ہوئے اراکین رابطہ کمیٹی ،سینیٹرز،ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اوردیگرعہدیداروں سے گفتگوکرتے ہوئے کہی جن میں رابطہ کمیٹی کے رکن اورقومی اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار، سینیٹ میں پارلیمانی لیڈرسینیٹربابرغوری، سینیٹرحسیب خان، رکن قومی اسمبلی خواجہ سہیل، ارکان سندھ اسمبلی عادل صدیقی، روٴف صدیقی، ڈاکٹرارشدوہرہ، سابق سینیٹراورخدمت خلق فاوٴنڈیشن کے نگراں احمدعلی شامل ہیں۔اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ندیم نصرت ، اراکین رابطہ کمیٹی طارق جاوید،محمدانور، مصطفےٰ عزیزآبادی اورسیکریٹریٹ کے ارکان بھی موجودتھے۔ الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان کوجن خطرات اورسنگین چیلنجز کا سامنا ہے ان کا تقاضہ ہے کہ پاکستان کوداخلی طورپرمضبوط کیاجائے اورملک کوداخلی طورپر مضبوط اسی صورت میں کیاجاسکتاہے کہ جب ملک کے تمام عوام کوایک نظر سے دیکھا جائے ،چھوٹی قومیتوں میں شدیدترہونے والااحساس محرومی دور کیاجائے۔ الطا ف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم مخالف قوتوں کی تمام ترسازشوں اورمنفی پروپیگنڈوں کے باوجود باشعورعوام اس حقیقت کواچھی طرح جان چکے ہیں کہ ایم کیوایم ہی وہ واحدجماعت ہے جو پاکستان کودرپیش مسائل کی دلدل سے نکال سکتی ہے اورملک کومضبوط ومستحکم بناسکتی ہے ۔ انہوں نے ایم کیوایم کے ارکان پارلیمنٹ پر ذوردیاکہ وہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے اپنی صلاحیتوں کوبروئے کارلائیں اورعوامی مسائل کو پارلیمنٹ میں اٹھائیں۔دریں اثناء الطاف حسین نے پی آئی بی سیکٹر کے کارکن تاج الدین کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہا رکیا ہے ۔ ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے شہید کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں مجھ سمیت تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔انھوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاکرے۔ (آمین)