28 مارچ ، 2012
ٹنڈوالہ یار …ٹنڈوالہ یار میں پلاٹ کے تنازعے پر دو سیاسی گروپوں میں تصادم میں ایک بچی سمیت دوافرادجاں بحق اور14فرادزخمی ہوگئے سیاسی تنظیم کے دفتر کو نذرآتش کئے جانے کے بعد اندرون سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی کشیدگی پھیل گئی۔ پولیس کے مطابق نصرپور روڈسبزی منڈی کے قریب پلاٹ کے تنازع پر دو سیاسی گروپوں میں تصادم کا سلسلہ آج صبح سے جاری ہے، مسلح افراد مورچہ بند ہوکر ایک دوسرے پر فائرنگ کر رہے ہیں،فائرنگ کی زد میں آکر ایک بچی جاں بحق اور15زخمی ہوئے، شدید زخمی ایک شخص نے سول اسپتال حیدرآباد میں دم توڑ دیا۔ ایک گروپ کی جانب سے ہینڈگرنیڈز بھی پھینکے گئے، محلہ زاہد پاڑا میں ایک سیاسی گروپ کے دفتر کو آگ بھی لگادی گئی، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر اسکول میں پھنسے 20 بچوں کو باہر نکالا۔ صورتحال پر قابو پانے کے لئے ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہ یار نے ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کرکے اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد کردی ہے۔دوسری جانب سیاسی دفتر کو آگ لگانے کی اطلاع کے بعد اندرون سندھ مختلف اضلاع میں کشیدگی پھیل گئی ،نوابشا ہ میں مریم روڈ ، مغنی بازار،چکرا بازار سمیت مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کے بعد بازار بندکرادیئے۔ ٹنڈومحمد خان میں نامعلوم مشتعل افرادنے ہوائی فائرنگ کرکے شہر کے تمام بازار بند کرادیئے۔