کاروبار
27 دسمبر ، 2013

سندھ میں سی این جی کل سے41 گھنٹے کیلئے بند رہے گی

سندھ میں سی این جی کل سے41 گھنٹے کیلئے بند رہے گی

کراچی…سوئی سدرن کی بد انتظامی کے باعث کراچی سمیت سندھ بھر میں گیس کی شدید قلت برقرار ہے، سی این جی اسٹیشنز کے لیے گیس دستیاب ہے جبکہ گھریلو اور صنعتی صارفین کو صرف صبر سے کام چلانے کا مشورہ دیا جارہا ہے تاہم کل 41گھنٹے کیلئے سی این جی اسٹیشنز بند کردیے جائیں گے۔ عوام کی چیخ و پکار کے بعد آخر کار کھاد فیکٹری کو گیس بند کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔سندھ میں سیاسی ترجیحات نے گیس لوڈ مینجمنٹ منصوبے کی افادیت کو جلا کر راکھ کردیا ہے۔ گیس کی شدید قلت کے باوجود بھی بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر سندھ میں سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی بے دریغ فراہمی جاری ہے۔ دوسری جانب کراچی میں لاکھوں گھروں کے چولہے بند ہونے کے باعث عوام کے جذبات بھڑک اٹھے ہیں۔ شام 6 کے بعد سے شہر میں گھریلو ، تجارتی اور صنعتی صارفین کے لیے گیس پریشر نہ ہونے کے برابر رہ جانے کی شکایات عام ہیں۔ سوئی سدرن حکام کا کہنا ہے کہ عوام ہفتے کی دوپہر 3 بجے تک صبر کریں ، سی این جی اسٹیشنز 41 گھنٹوں کے لیے بند ہونے کے بعد گیس کی صورت حال بہتر ہوگی، حکام کے مطابق فوجی فرٹیلائزر پلانٹ کو بھی گیس کی فراہمی کم کی جارہی جو ہفتے کی صبح تک مکمل طور پر بند کردی جائے گی۔ اقدام سے 4 کروڑ 50 لاکھ مکعب فٹ یومیہ گیس کی بچت ہوگی جو کراچی کے صارفین کے لیے منتقل کی جائے گی۔ اس کے علاوہ کے ای ایس سی کو گیس سپلائی بھی مزید کمی کے بعد 8 کروڑ 70 لاکھ مکعب فٹ کردی گئی ہے۔

مزید خبریں :