28 دسمبر ، 2013
کوئٹہ…بلوچستان کے علاقوں چمن اور توبہ اچکزئی میں اسلحہ بنانے کی دو فیکٹریوں کا انکشاف ہوا ہے جہاں ایف سی نے چھاپہ مار کر بڑی تعداد میں باردوی مواد برآمد کرلیا ، ایف سی حکام نے انکشاف کیا ہے کہ ان فیکٹریوں میں نہ صرف بم اور دیگر مواد تیار کئے جاتے تھے بلکہ بارودی مواد کے تجربے بھی کئے جاتے تھے صرف اسلحہ نہیں ، بلکہ اسلحہ بنانے کی پوری پوری فیکٹریوں کا انکشاف ،ایف سی کی کارروائی ،بم بنانے کی دو فیکٹریاں پکڑی گئیں۔برآمد ہونے والے مواد کی تفصیل کچھ اس طرح ہے ، کہ ایک ہزار چھ سو پچاس بارودی سرنگیں ، چار سو اسی دستی بم، سات خودکش جیکٹس ، ڈھائی ہزار کلو بارودی مواد ، پانچ ہزار چھ سو اسی ڈیٹونیٹرز ، ساڑھے سترہ ہزار ایکسپلوسو کوائل ، ساڑھے پانچ سو کلو پوٹاشیم کلورائیڈ اور متعدد بیٹریاں شامل ہیں ۔ایف سی حکام نے بتایا کہ یہ مواد چمن اور توبہ اچکزئی کے علاقوں میں قائم دو الگ الگ دھماکا خیز مواد بنانے کی فیکٹریوں سے ملا ہے ، ایف سی حکام کے مطابق فیکٹریوں کے احاطے میں چار چار کمپاوٴنڈ تھے ، جہاں جدید اسلحہ کی لیبارٹریز بھی بنائی گئی تھی ، جبکہ مختلف قسم کے کیمیکلز اور بارودی مواد کے تجربے بھی کیے جاتے تھے ۔