29 دسمبر ، 2013
کراچی…پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی نے کہا ہے کہ ہمارا مطالبہ ہے بلاول ہاوٴس کی دوسری سڑک بھی کھولی جائے ، سڑک مکمل کھلنے تک احتجاج جاری رہے گا۔ بلاول ہاؤس کے قریب پی ٹی آئی اور پی پی کے کارکنوں میں تصادم کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ سڑکیں کھولنے کا حکم عدالت دے چکی ہے، لیکن سندھ حکومت نے عمل درآمد نہیں کیا۔عارف علوی نے کہا کہ میں نے اپنے حلقے کے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ سڑکیں کھلواوٴں گا۔انہوں نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ دونوں جماعتوں کے کارکنوں میں تصادم ہو،ہمارے کئی کارکنوں کو گرفتار کیاگیا ہے،آدھاراستہ کھل گیا، پورا راستہ کھلوائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے ہمارے کارکنوں پرتشدد کیا ،واقعہ پولیس کی سرپرستی میں ہوا ہے۔