29 مارچ ، 2012
کراچی… افضل ندیم ڈوگر… کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں3افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 2لاشیں بھی ملی ہیں ۔ گذشتہ رات سے اب تک فائرنگ کے واقعات میں سات افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ کراچی میں اے این پی کے ذمہ دار کے قتل پر آج عوامی نیشنل پارٹی کے اعلان پر یوم سوگ منایا جارہا ہے۔ شہر کی سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ کم ہے پولیس کے مطابق اے این پی کے ذمہ دار کے قتل کے بعد شہر میں پرتشدد کارروائیوں کا سلسلہ گذشہ شام کو ہی شروع ہوگیا تھا۔ جو مختلف علاقوں میں آخری اطلاعات تک جاری تھا۔ تازہ واقعات میں نارتھ ناظم آباد کے علاقے خلیل آباد سے محمد جلیل اور محمد ذیشان کی لاشیں ملیں جنہیں بلاک ایس کی پہاڑی پر نامعلوم ملزمان فائرنگ کرکے ہلاک کیا جبکہ سائٹ میں میٹروول کے قریب ہوٹل پر فائرنگ کی گئی، لانڈھی میں داوٴ چورنگی پر ہنگامہ آرائی کے دوران نے ایک ٹرک کو آگ لگادی، بد امنی کے باعث شہر میں حالات کشیدہ ہیں،ٹرانسپورٹ اتحاد کے اعلان کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب ہے۔ بیشتر سی این جی اسٹیشنز اور پیٹرول پمپ بند ہیں، جس سے شہریوں کو دشواری ہے یہاں تک کہ موٹر سائیکل سوار بھی پریشان ہیں ،جس کے باعث رکشے ٹیکسیوں کی تعداد بھی کم ہے اور جو گاڑیاں ہیں ان کے مالکان منہ مانگے کرائے وصول کر رہے ہیں۔ شہریوں کو دفاتر اور کام پر پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے، بیشتر اسکول بند ہیں جبکہ جو تعلیمی ادارے کھلے ہیں وہاں حاضری معمول سے کم ہے، جامعہ کراچی نے آج شیڈول بی ڈ? ایس فائنل پروفیشنل کا امتحان مقررہ وقت پر لینے کااعلان کیا ہے۔