03 جنوری ، 2014
کوئٹہ …کوئٹہ میں آج ہلکی برفباری ہوئی جس سے ایک بار پھر موسم انتہائی سرد ہو گیاہے۔ دو روز میں خون جمادینے والی شدید سردی کا زور ٹوٹا اور درجہٴ حرارت منفی 13سے منفی 7پر پہنچا ہی تھا کہ آج پھر وادی میں اچانک سفید برف روئی کے گالوں کی طرح گرنے لگی۔ اس خوبصورت منظر کو کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کرلیا۔ برف اتنی زیادہ تو نہیں تھی کہ اس سے شہری محظوظ ہوسکتے یا شہر میں برف کی سفید چادر بچھ جاتی مگر پھر بھی ہلکی برفباری شہر یوں کو یہ امید ضرور دے گئی کہ بس کچھ انتظار اور۔ وادی کوئٹہ میں ہلکی برفباری کے بعد موسم ایک بار پھر سرد ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے 6سے 8جنوری کے دوران وادی میں مزید برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔ چمن، پشین، زیارت، قلات، تربت اور ژوب میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے۔