29 مارچ ، 2012
اسلام آباد … وفاقی وزیر پانی و بجلی نوید قمر نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک بھر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کردی گئی ہے جبکہ وزارت پانی و بجلی میں اینٹی لوڈ شیڈنگ سیل بھی قائم کر دیا گیا ہے۔ سید نوید قمر اسلام آباد میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیز کے اجلاس کے میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اب ہونیوالی لوڈ شیڈنگ اعلانیہ ہے جبکہ اینٹی لوڈ شیڈنگ سیل کا سربراہ ایک 2 روز میں مقرر کر دیا جائے گا، اس سے پہلے نیشنل پاور کنٹرول سینٹر اسلام آباد سے ملک کے کسی بھی حصے میں گرڈ اسٹیشن کو بند کر دیا جاتا تھا جس کے باعث شہروں میں 6 سے 8 گھنٹے اور دیہات میں 10 سے 12 گھنٹے کی اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے علاوہ بھی اکثر بجلی غائب رہتی تھی۔ نوید قمر نے بتایا کہ بجلی کے بلز کی ادائیگی کے حوالے سے سندھ 45ارب اور پنجاب 13ارب روپے کا نادہندہ ہے۔ ترجمان وزارت پانی و بجلی کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیز نے اجلاس میں بتایا کہ فروری میں ان کی وصولیاں 41 ارب روپے کے ہدف کی بجائے 36 ارب رہیں۔ ذرائع کے مطابق پیپکو نے بتایا کہ وفاق اور اس کے متعلقہ ادارے 13 ارب، 70 کروڑ، صوبائی حکومتیں 66 ارب، کے ای ایس سی 54 ارب اور نجی شعبہ 155 ارب روپے کا نادہندہ ہے۔