08 جنوری ، 2014
پشاور…پانی و بجلی کے وزیر مملکت عابد شیرعلی خیبر پختونخوا حکومت پر برس پڑے۔ کہنے لگے کہ صوبائی وزرا بجلی چوروں کی سرپرستی کر رہے ہیں۔ بجلی چوری کے معاملے پر وفاقی وزیر مملکت عابد شیر علی نے خیبر پختونخوا حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر نے الزام لگایا کہ خیبر پختونخوا کے 61 فیڈرز لائن لاسز کا شکار ہیں۔ صوبائی وزراء اور ارکان اسمبلی بھی بجلی چوروں کی سرپرستی کر رہے ہیں۔ انہوں نے چوری کا سلسلہ بند نہ ہونے پر ضلع بنوں کی بجلی بند کرنے کی دھمکی بھی دی۔ عابد شیرعلی نے فہرستیں لہراتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ صوبائی وزیر اطلاعات شاہ فرمان کے حلقے میں 90فیصد بجلی چوری ہوتی ہے۔ وہاں پیسکو کے ڈیڑھ ارب روپے بقایاجات ہیں۔ عابد شیر علی نے کہا کہ خیبر پختون خوا میں بجلی چوروں کے ساتھ سختی سے پیش آیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت خیبر پختون خوا کو پیسکو کا کنٹرول دینے پر راضی ہے۔ تاہم ان کا خیال تھا کہ صوبائی حکومت اس کو سنبھال نہیں سکے گی۔