29 مارچ ، 2012
لاہور … لاہور ہائی کورٹ نے ٹیکس حکام کا اختیار تسلیم کرتے ہوئے ریجنل ٹیکس آفس لاہور کیخلاف لیسکو کی رٹ پٹیشن خارج کر دی ہے اور لیسکو کو حکم دیا ہے کہ ایف بی آر کے قوانین پر عملدرآمد کرتے ہوئے ٹیکس فوری ادا کیا جائے۔ لیسکو حکام نے بجلی کے بلوں کے ساتھ وصول کیا گیا ٹیکس قومی خزانے میں جمعہ نہیں کروایا تھا۔ ٹیکس حکام کی بار بار کوششوں کے باوجود جب ٹیکس جمع نہ کروایا گیا تو ریجنل ٹیکس آفس لاہور نے لیسکو کے اکاوٴنٹس منجمد کرتے ہوئے مختلف بینکوں سے ایک ہی دن میں 2 ارب 35 کروڑ روپے سے زائد کی رقم وصول کرکے 28 مارچ کو قومی خزانے میں جمع کروا دی۔ لیسکو کی درخواست پر ہائیکورٹ نے حکم امتناحی جاری کرتے ہوئے ٹیکس حکام کو اگلے روز طلب کر لیا۔ آر ٹی او لاہور کے ایڈیشنل کمشنر ان لینڈ ریونیو زین العابدین ساہی نے عدالت کو لیسکو کے نامناسب رویے سے آگاہ کیا۔ عدالت نے ٹیکس حکام کا موٴقف تسلیم کرتے ہوئے رٹ پٹیشن اور حکم امتناعی ایک دن بعد ہی خارج کر دیا اور لیسکو کو ٹیکس ادا کرنے کا حکم دیا۔