14 جنوری ، 2014
ملتان…سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے موقع پر وہ طالبان کو بھی سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر عمل کی دعوت دیتے ہیں۔ ملتان میں دستار بندی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آج ملک کو لاقانونیت اور دہشت گردی جیسے مسائل کا سامنا ہے، جس سے نکلنے کا واحد حل نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی پیروی میں ہے۔ طالبان کی جانب سے حملوں کی دھمکی کے سوال پرانہوں نے کہا کہ وہ طالبان کو بھی دعوت دیں گے کہ سیرت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم پر عمل کریں۔ انہوں نے دیگر سیاسی اور مذہبی رہنماؤں سے کہا کہ وہ آج کے دن اتحاد اور بھائی چارے کا درس دیں۔