14 جنوری ، 2014
کوئٹہ…کوئٹہ میں عیدمیلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں نکالاگیا جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا منا ن چوک پر اختتام پذیرہو گیا۔ شہر میں موبائل سروس آٹھ گھنٹے معطل رہنے کے بعد بحال کردی گئی۔آقاکریم صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت اورسیرت ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ محبت اتفاق اور اتحاد کا درس دیتی ہے۔باچاخان چوک پر علمائے کرام کے خطاب کے بعد عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے مرکزی جلوس کا اغاز ہوا، جلوس اپنے مقررہ راستوں لیاقت بازار، جنکشن بازار،پرنس روڈ، مسجد روڈ اور شارع اقبال سے ہوتا ہوا منان چوک پہنچا جہاں اختتامی دعا کرائی گئی۔ جلوس میں بچوں کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ولایت مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وسلم کا جشن مذہبی جوش و جذبے سے منایا۔ کوئٹہ میں جلوس کی سیکیورٹی کیلئے پولیس اورایف سی کے 3ہزار سے زائد اہلکار تعینات تھے، جبکہ ہیلی کاپٹرسے جلوس کی نگرانی بھی کی جاتی رہی۔ سیکورٹی خدشات کے پیش نظربند موبائل فون سروس 8گھنٹے بعد بحال کردی گئی۔