14 جنوری ، 2014
پشاور…پشاور میں سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم کا یوم ولادت باسعادت انتہائی عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ پشاور میں روح پرور محافل میلاد کے ساتھ روایتی لنگر بھی تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم کے یوم ولادت پرپشاور میں جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم منفرد انداز میں منایا جاتا ہے۔ درود و سلام کی محافل کے ساتھ روایتی میوہ چنا پلاوٴ اور حلوے کی دیگیں تیار کی جاتی ہیں جو مسافروں، مہمانوں، پڑوسیوں اور غرباء میں تقسیم کی جاتی ہیں۔جشن میلادصلی اللہ علیہ وسلم کی تیاری ایک دن پہلے ہی شروع کی جاتی ہیں۔ لنگر کے ساتھ چراغاں کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔ اہل پشاور جشن میلاد کو عیدین سے بڑھ کر مناتے ہیں اور سرور کائنات کے ساتھ اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کرتے ہیں۔ پشاور میں مغرب کے بعد شہر کا سماں روح پرور ہوتا ہے۔ میلاد کے جلوس شہر بھر میں رواں دواں ہوتے ہیں اور فرزندان توحید سرکار دوعالم پر عشق و محبت سے لبریز درود کے نذرانے پیش کرتے اور لنگر بانٹتے ہیں۔