14 جنوری ، 2014
کراچی …ہر سال کی طرح اس سال بھی جیو ٹی وی نیٹ ورک کی جانب سے عید میلاد النبیﷺکے پر مسرت موقع پر خصوصی نشریات کا اہتمام کیا گیا جس کی میزبانی معروف اسکالر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کی۔ جس کا موضوع تھایا نبی السلام ۔خصوصی نشریات کے دوران مختلف پروگراموں میں مختلف شعبہ ہائے زندگی ، مکاتب فکر اورمختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ بشپ آف پاکستان بشپ نذیر نے ڈاکٹر عامر لیاقت سے گفت گو کرتے ہوئے کہا کہ تمام انبیا ء نے امن و محبت کا پیغام دیا ، آج امن کے لیے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے کی ضرورت ہے۔ہندو مت کے پنڈت سوامی وجے مہاراج کا کہنا تھا کہ اگر سب لوگ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تین صفات حسن سلوک ، در گزر اور صلہ رحمی اپنالیں تو معاشرے سے تمام جھگڑے ختم ہوجائیں ۔خصوصی ٹرانسمیشن میں شو بز سے تعلق رکھنے والے مختلف افراد نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر عامر لیاقت حسین اور ملک کے معروف نعت خوانوں نے سرکار دو عالم کے حضور گلہائے عقیدت پیش کیے۔