17 جنوری ، 2014
کراچی…کراچی میں شارع فیصل پرعوامی مرکزکے قریب گاڑی پر فائرنگ سے جمعیت علمائے اسلام (سمیع الحق)کے جنرل سیکریٹری مفتی عثمان یارجاں بحق ہوگئے۔ ایس پی گلشن اقبال نے مفتی عثمان یار کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ فائرنگ سے مزید 2افراد بھی جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوا۔تفصیلات کے مطابق شارع فیصل پر واقع عوامی مرکز کے قریب نامعلوم ملزمان نے ایک گاڑی پر فائرنگ کردی جس میں جمعیت علمائے اسلام (سمیع الحق)کے جنرل سیکریٹری مفتی عثمان یار اپنے ساتھیوں سمیت موجود تھ۔ فائرنگ کے نتیجے میں 4افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 3افراد چل بسے ، جاں بحق ہونے والوں میں جمعیت علمائے اسلام (سمیع الحق)کے جنرل سیکریٹری مفتی عثمان یاربھی شامل تھے۔ ایک زخمی کو اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔ جناح اسپتال کے شعبہ حادثات کی انچارج سیمی جمالی نے تین افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ چاروں افراد کو سینے پر گولی ماری گئی۔دوسری جانب ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔